ہیڈ لائنز

جامعہ عارفیہ میں این آئی او ایس اسٹڈی سینٹر کا افتتاح؛ پیشہ ورانہ تعلیم مدارس کے طلبہ کے لیے وقت کا اہم تقاضا — پروفیسر مظہر آصف(وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی)

جامعہ عارفیہ وہ ادارہ ہے جہاں جاہل کو عالم، عالم کو عارف، اور عارف کو عاشق بنایا جاتا ہے

الہٰ آباد (پریس ریلیز)
جامعہ عارفیہ، خانقاہِ عارفیہ، سید سرواں میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (NIOS) کے اسٹڈی سنٹر کا باضابطہ افتتاح ایک پروقار تعلیمی تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے وائس چانسلر، پروفیسر مظہر آصف تھے، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر سینٹر کا آغاز فرمایا۔

اس موقع پر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو پیشہ ورانہ تعلیم سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ صرف دینی علوم ہی نہیں بلکہ عصری تقاضوں کے مطابق معاشی طور پر بھی خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مدارس کے فارغین آئی اے ایس، آئی پی ایس جیسے مقابلہ جاتی میدانوں میں اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں، اس لیے انہیں کسی احساس کمتری میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔

پروفیسر مظہر آصف، جو نئی قومی تعلیمی پالیسی کی تشکیل میں شامل رہے ہیں، نے جامعہ عارفیہ کے نظامِ تعلیم و تربیت کی دل کھول کر ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ "یہاں آکر دل کو سکون ملا، خانقاہِ عارفیہ وہ ادارہ ہے جہاں جاہل کو عالم، عالم کو عارف، اور عارف کو عاشق بنایا جاتا ہے"۔ انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ ان کا یہ تعلق آئندہ بھی قائم رہے گا۔

تقریب کا آغاز قاری سرفراز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس کے بعد محمد ذکا اور ان کے ساتھیوں نے جامعہ کا ترانہ پیش کیا۔ افتتاحی خطاب ڈاکٹر ذیشان احمد مصباحی نے کیا، جبکہ تقریب کی نظامت مفتی آفتاب رشک مصباحی نے کی۔ پروفیسر فیض اللہ خان (ممبر این آئی او ایس) نے مہمانِ خصوصی کا تعارف کرایا اور ان کا خیر مقدم کیا۔

ناظم جامعہ عارفیہ  مولانا حسن سعید صفوی نے کتب احادیث کے درس کے ساتھ نئے تعلیمی سال کا آغاز فرمایا۔ آخر میں انہوں نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور صاحبِ سجادہ خانقاہ عارفیہ، داعی اسلام شیخ ابوسعید شاہ احسان اللہ محمدی صفوی کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

اس تقریب میں جامعہ کے اساتذہ، طلبہ، ذمہ داران کے علاوہ شہر و اطراف کی معزز سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اہم شرکاء میں ڈاکٹر عرفان نجف علیمی (مدیر ماہ نامہ نوائے طب و صحت)، جناب شکیل الرحمٰن خان (گیسٹ فیکلٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور محترم شوکت چشتی (دربھنگہ، بہار) کے اسماء قابل ذکر ہیں۔


0 تبصرے

Type and hit Enter to search

Close