ہیڈ لائنز

ذکرِ شہیدِ اعظم: کربلا کے پیغامِ حق و قربانی کی پُرنور محفل

 مقام: جامع مسجد غریب نواز، بلتھی رسول، مظفرپور، بہار
 تاریخ: 9 محرم الحرام 1447ھ، مطابق 5 جولائی 2025

محرم الحرام کے بابرکت مہینے کی نسبت سے جامع مسجد غریب نواز، بلتھی رسول میں "ذکرِ شہیدِ اعظم" کے عنوان سے ایک عظیم الشان روحانی و علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بابرکت محفل امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مخصوص تھی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جو محترم مولانا شہنواز عارفی صاحب نے خوش الحانی سے کی۔ ان کی پرسوز تلاوت نے سامعین کے دلوں کو منور کر دیا اور ماحول کو روحانی کیفیت عطا ہوئی۔

اس کے بعد مشہور و معروف نعت خواں جناب نظیر احمد کلکتوی صاحب نے بارگاہِ رسالت اور شہیدِ کربلا میں نعت و منقبت کے نذرانے پیش کیے، جنہوں نے محفل کو کیف و سرور سے بھر دیا اور سامعین جھوم اٹھے۔

مرکزی خطاب حضرت علامہ مولانا عرفان علیمی صاحب قبلہ نے فرمایا۔ آپ نے امام حسین علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ، فلسفۂ کربلا، اور پیغامِ قربانی پر نہایت مؤثر، بصیرت افروز اور جذبات انگیز انداز میں روشنی ڈالی۔ ان کا خطاب نہ صرف علمی و فکری تھا بلکہ دلوں کو جھنجھوڑ دینے والا بھی، جس سے حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔

اس موقع پر مولانا محمد ثاقب علیمی صاحب نے بھی خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے واقعۂ کربلا کے اخلاقی و دینی اسباق کو نہایت سلیقے سے اجاگر کیا۔

بعد ازاں مفتی شہنواز عالم عارفی صاحب، جو صفہ ایجوکیشن سینٹر کے استاذ ہیں، نے امام حسین علیہ السلام کے بچپن کی حیاتِ مبارکہ پر پُراثر گفتگو فرمائی، جو سامعین کے لیے ایک نایاب علمی تحفہ تھی۔

محفل میں علاقے کے علمائے کرام، طلبہ، عوام، اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

0 تبصرے

Type and hit Enter to search

Close